راولپنڈی ۔ 2 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ پورے پاکستان میں نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں، پی ایچ اے نے کھیلوں کا جو منصوبہ شروع کیا ہے وہ قابل ستائش ہے، نئی نسل کو صحت مند ماحول دینے کیلئے ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، پنجاب حکومت نواز شریف کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں کرکٹ گرائونڈ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ، ایم این اے صداقت عباسی، ایم پی اے عمر بٹ اور ایم پی اے واثق قیوم عباسی بھی موجود تھے۔ نعیم الحق نے راول روڈ پارک میں شاندار کرکٹ گرائونڈ کی تعمیر پر چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود کو مبارک باد دی اور کہا کہ کھیلوں کے حوالے پی ایچ اے کا یہ منصوبہ قابل ستائش ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ پورے پاکستان میں جگہ جگہ کھیلوں کے گرائونڈز تعمیر کئے جائیں تاکہ ملک کے غریب اور متوسط طبقے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع مل سکیں اور وہ آگے چل کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں، ان کے وژن کے مطابق ناصرف راولپنڈی بلکہ ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی کھیلوں کے میدان اور پارکس تعمیر کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے میدان بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ نعیم الحق نے مزید کہا کہ کھیلوں کا فروغ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، بدقسمتی سے پاکستان کھیلوں کے میدان میں بہت پیچھے ہے، ہم کھیلوں کی ترقی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں تاکہ کھیلوں میں کھویا ہوا مقام حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہ ہماری حکومت نے ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا ہے، ہم باہر سے ڈرون منگوا رہے ہیں جس کے ذریعے ایک دن میں ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول مسیر ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف طبی سہولیات کے حوالے سے غلط بیانی کر رہے ہیں، پنجاب حکومت انہیں بروقت ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہی ہے، میڈیا بحران کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی میڈیا مالکان سے ملاقات ہوئی ہے اور انہوں نے جلد بحران ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت قوم کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کے وعدے پر قائم اور اس پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے، نعیم الحق نے مزید کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، پچاس لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ بھی شروع ہو چکا ہے اور اس سے کروڑوں مزدوروں کو روزگار ملے گا۔