وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کے بارے اجلاس ،صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اور گردونواح کے عوام کو درپیش صحت کے مسائل کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے، بھرپور کوشش ہے کہ قومی ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار وسیع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سہولت سے مستفید …

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اور گردونواح کے عوام کو درپیش صحت کے مسائل کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے، بھرپور کوشش ہے کہ قومی ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار وسیع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سہولت سے مستفید ہو سکے۔ وہ بدھ کو یہاں وفاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کی بہتری اور عوام الناس کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے لئے جانے والے اقدامات بارے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وزیر اعظم کو صحت کے شعبے میں درپیش مسائل، ترجیحات اور صحت کی سہولیات کی بہتری اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے ضمن میں مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے ذریعے عوام الناس کو صحت کی بنیادی اور معیاری سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اجلاس میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ بنیادی ہیلتھ کئیر یونٹس اور درمیانے درجے کے ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کے ذریعے بڑے ہسپتالوں کا بوجھ کم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مریضوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو برؤے کار لانے کے حوالے سے روڈ میپ وزیرِ اعظم کو پیش کیا گیا۔ جھنگی سیداں، موضع جوہاد، جی تیرہ اور گولڑہ میں پرائمری ہیلتھ کئیر سہولیات کے قیام کی تجویز، پولی کلینک توسیع اور سرائے خربوزہ میں دو سو بستروں پر مشتمل سیکنڈری ہیلتھ کیئر ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت پر وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے وفاقی دارالحکومت اور گردونواح کی عوام کو درپیش صحت کے مسائل کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ قومی ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار وسیع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سہولت سے مستفید ہو سکے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے حوالے سے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔