اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اعلی ٰ تعلیم کا فروغ ملک کی ترقی کا زینہ ہے،صوبوں کی مشاورت سے تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کا مصمم ارادہ ہے۔جمعہ کووزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود، چیئرمین وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے سائنس و ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان، قائم مقام چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن انجینئر فاروق بزائی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل، چیئرمین نیا ٹیل راشد خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیلی تعلیم اسد کریم اور سینئر افسران شریک ہوئے۔
چیئرمین وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے سائنس و ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان نے اجلاس کو اعلی تعلیم کے فروغ کے لئے درکار ایچ ای سی کو درکار وسائل اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو اعلی تعلیم کے لئے وسائل کو بڑھانے کے لئے تجاویز پیش کی گئیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اعلی تعلیم کا فروغ ہی ملک کی ترقی کا زینہ ثابت ہوگی۔
ترقی یافتہ ممالک اپنی جی ڈی پی کا کثیر حصہ تعلیم پر خرچ کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ممالک مزید خوشحال بنتے ہیں۔اعلی تعلیم کے لئے مالی وسائل بڑھانے کے ضمن میں وزیر اعظم نے وفاقی وزیر تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ وفاقی وزارت منصوبہ بندی اور وفاقی وزارت خزانہ، تعلیم اور خزانہ کی صوبائی وزارتوں کے ساتھ فوری طور پر مشاورت کی جائے جس میں اعلیٰ تعلیم کے لئے وسائل بڑھانے کی نشاندہی کی جائے اور ایک ہفتہ کے اندر سفارشات پیش کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے لئے مختص رقم کو بڑھانے کا مصمم ارادہ رکھتی ہے۔