اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کے ہر شعبہ میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا،
حکومت انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے، جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتخابات کا شفاف انعقاد ضروری ہے، الیکشن کمیشن کا اختیار ہے کہ کسی بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کو قبول کرے، اپوزیشن کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراضات فرضی ہیں، جو لوگ الیکشن کے پرانے سسٹم سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں وہ نہیں چاہتے ٹیکنالوجی آئے۔
جمعرات کو روات میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو وہ ٹیکنالوجی منظور ہے جس سے وہ اقتدار میں آئے۔ شہباز شریف کی لندن کی عدالت سے بریت کے دعویٰ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ عدالت کو رسیدیں دیدیں اور یہ کہ انہوں نے جو اثاثے بنائے ہیں وہ ثابت کریں۔
سینیٹر شبلی فراز نے ہیمپ ویلیو چین ڈویلپمنٹ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے جو پانچ ایکڑ اراضی پر پھیلا ہوا ہے جہاں میڈیسنل ہیمپ کے پودوں اور معیاری بیجوں کی تیاری پر کام ہورہا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ نیشنل ہیمپ پالیسی بھی بنائیں گے جس کے مطابق ایک قائدے کے تحت غیر ملکی سرمایہ کار آئیں گے، ہیمپ کی فصل 4 ماہ میں تیار ہوتی ہے، پالیسی آنے کے بعد حوصلہ افزا نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہیمپ کا میڈیسنل اور انڈیسٹریل استعمال ہے، 100ایکڑ اراضی پر صنعتی استعمال کے لئے ہیمپ کی کاشت ہوگی جسے برآمد کرکے غیر ملکی زرمبادلہ بھی کمائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار کے خطہ میں ایگرو بائیوٹیک پارک بھی قائم کیا جائے گا، ہیمپ کی کاشت کے ساتھ ساتھ ویلیو ایڈیشن، کوالٹی کنٹرول اور جینیٹک ماڈیفکیشن بھی کی جائے گی۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی منصوبہ کو آگے بڑھانے میں بہتر کام کررہی ہے۔