وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے

نیویارک ۔20ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم،واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، نیو یارک میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی اور دیگراعلی حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، وہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد برطانیہ سے نیویارک پہنچے ۔

نیویارک سے اے پی پی کے نمائندہ کے مطابق منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی طرف سے دیئے جانے والے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ وہ فرانس اور سپین کے صدور اور آسٹریا کے چانسلر سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقات اور عالمی غذائی تحفظ بارے سینیگال کے صدر اور افریقی یونین کی میزبانی میں ہونے والےسربراہی اجلاس میں شرکت بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف بدھ کوآئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم ترک صدر رجب طیب اردوان اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروسی سے ملاقات کریں گے اور امریکی صدر جوبائیڈن کی طرف سے دیئے جانے والے استقبالیہ عشائیے میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم فن لینڈ کے صدر سائولی نی نیستو سے ملاقات کریں گے اور ترک صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں استقبالی ظہرانہ دیں گے۔ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ، اقوام متحدہ کے سربراہ ، چین کے صدر اور جاپان کے وزیر اعظم سے ملاقاتیں بھی وزیر اعظم کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف لکسمبرگ کے وزیر اعظم زاویئر بیٹل اور ملائیشیا کے وزیر اعظم اسماعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے بات چیت بھی کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے