وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ازبک صدر کی ملاقات، بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق

سمر قند۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف نے تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے اور ریل، سڑک اور بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی رابطے کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا ہے۔

دونوں رہنمائوں کی ملاقات جمعرات کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے امدادی سامان بھجوانے اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر ازبک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع اور فصلوں، مویشیوں، مکانات اور اہم انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے تجارتی اور معاشی تعلقات کے خصوصی حوالہ سے دوطرفہ تعاون اور ریل، سڑک اور بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی رابطے کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ازبکستان اور پاکستان کے درمیان راہداری تجارت کے معاہدے اور ترجیحی تجارتی معاہدے کو مکمل طور پر فعال کرکے سیاسی تعلقات، تیز رفتار تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے قریبی دفاعی اور سیکورٹی تعاون اور تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادانہ ویزا نظام سے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ وزیراعظم نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان، پاکستان اور ازبکستان کی تکنیکی ٹیموں کی جانب سے افغانستان کے اندر منصوبہ پر کام کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ یہ منصوبہ مکمل ہونے سے کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے وسط ایشیائی ممالک دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مؤثر طریقہ سے تجارتی طور پر منسلک ہو جائیں گے۔

دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کومزید فروغ دینے کیلئے خصوصی تجاویز اور منصوبے تیار کرنے کیلئے بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے صدر شوکت مرزیوف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ ازبک صدر نے بھی وزیراعظم کو جلد از جلد دورہ ازبکستان کی دعوت دی۔