اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنا دورہ آذربائیجان مکمل کرکے اسلام آباد پہنچ گئے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ آذربائیجان کے دوران کاپ29 کلائیمٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعظم نےپاکستان کی جانب سے منعقدہ کلائیمٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کی اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی معاشی وعدوں کی تکمیل پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے تاجکستان کی جانب سے گلیشیئرز کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح تقریب میں شرکت کی اور گلیشیئرز و آبی وسائل کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔وزیر اعظم نے اس موقع پر ڈنمارک،چیک ریپبلک کے وزرا ئے اعظم اور آذربائیجان کے صدر سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔
وزیر اعظم کی کاپ29 کے کلائیمٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیر اعظم، متحدہ عرب امارات، تاجکستان، ازبکستان، قازقستان، نیپال کے صدور سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔