اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انڈونیشیا کو سیلاب اور تودے گرنے سے ہونے والی تباہی کے بعد بحالی اور تعمیر نو میں معاونت کی پیشکش اور ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا موسمیاتی تبدیلی اور اس کے باعث پیدا ہونے والی آفات سے یکساں طور پر متاثر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو …
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ٹیلیفون پر گفتگو، انڈونیشیا کو سیلاب اور تودے گرنے سے ہونے والی تباہی کے بعد بحالی اور تعمیر نو میں معاونت کی پیشکش اور ہرممکن مدد کی یقین دہانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے انڈونیشیا کو سیلاب اور تودے گرنے سے ہونے والی تباہی کے بعد بحالی اور تعمیر نو میں معاونت کی پیشکش اور ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا موسمیاتی تبدیلی اور اس کے باعث پیدا ہونے والی آفات سے یکساں طور پر متاثر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور حالیہ قدرتی آفت، سیلاب اور تودے گرنے سے انڈونیشیا میں ہونے والی تباہی بالخصوص سماٹرا میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انڈونیشیا کی عوام اور حکومت سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے انڈونیشیا کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کی طرف سے ہرممکن امداد و معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی آفات میں اپنے تجربات کی روشنی میں انڈونیشیا کے ساتھ بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال سے پیدا ہونے والے ہنگامی حالات، بحالی اور تعمیر نو کے کام میں معاونت کرنے کے لئے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلی اور اس کے باعث پیدا ہونے والی آفات سے یکساں طور پر متاثر ہیں۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے لئے قدرتی آفات سے بچائو، آفت کے دوران بروقت ردعمل اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت کے فروغ کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے وزیراعظم کی طرف سے انڈونیشیا کے عوام سے اظہار یکجہتی اور جانی نقصانات پر تعزیت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے بتایا کہ انڈونیشیائی حکام نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے انڈونیشیا کے صدر کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دورہ ممکنہ طور پر دونوں ممالک کے رہنمائوں کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں اور دوطرفہ سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔








