وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر ہونے پر مبارکباد

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے تاریخی تقرر پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی سلامتی کے نگہبان کے طور پر ان کی قیادت کا ہماری بہادر مسلح افواج کو معرکہ حق میں فیصلہ کن فتح تک پہنچانے میں بنیادی کردار ہے۔ جمعہ کو "ایکس " پر اپنے …

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے تاریخی تقرر پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی سلامتی کے نگہبان کے طور پر ان کی قیادت کا ہماری بہادر مسلح افواج کو معرکہ حق میں فیصلہ کن فتح تک پہنچانے میں بنیادی کردار ہے۔

جمعہ کو "ایکس ” پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اس جرات مندانہ اور بہادرانہ قیادت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جس نے جنگ کے مشکل ترین حالات میں مسلح افواج کو متحد، پوری قوم کو یکجا کیا اور وطن عزیز کے لیے تاریخی کامیابی یقینی بنائی۔

وزیر اعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدت ملازمت میں توسیع پر دلی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی شاندار قیادت میں پاک فضائیہ نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات دشمن طیارے اور جدید میزائل دفاعی نظام تباہ کیے اور پاکستان کی فضائی برتری کو مزید مضبوط کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تمام قومی ادارے پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔ ان شاء اللہ، ہم مل کر اپنے وطن کے دفاع کو حقیقی معنوں میں ناقابل تسخیر بنائیں گے۔