وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کاروباری برادری خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کی قرضوں تک رسائی تیز کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کاروباری برادری خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کی قرضوں تک رسائی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ملک میں کاروباری شعبے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی قرضوں تک رسائی بڑھانے کے …

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کاروباری برادری خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کی قرضوں تک رسائی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ملک میں کاروباری شعبے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی قرضوں تک رسائی بڑھانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد، چیئرمین پاکستان بینکرز ایسوسی ایشن ظفر مسعود اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے جس سے نہ صرف سرمایہ کاری اور پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں بھی اضافہ ممکن ہوگا ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کاروباری برادری خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کیلئے قرضوں تک رسائی تیز کی جائے جو بینک کاروباری شعبے خصوصاً ایس ایم ایز کو سب سے زیادہ قرضے دے گا، اسے ہر سال خصوصی ایوارڈ دیا جائے گا ۔ وزیراعظم نے مالیات تک رسائی کے فروغ کے لیے تین سطحی گورننس ڈھانچے کی منظوری بھی دی۔

مالیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔ اسی طرح اے ٹو ایف بڑھانے کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ کریں گے اور گورنر سٹیٹ بینک اس کے شریک چیئرمین ہوں گے۔ ایس ایم ای، زرعی، آئی ٹی، نئی توانائی اور ہائوسنگ فنانس کے لیے الگ شعبہ جاتی ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2026ء میں بینکوں کی جانب سے ایس ایم ای فنانسنگ کا حجم 1.15 ٹریلین روپے سے بڑھا کر جون 2028ء تک 2 ٹریلین روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جون 2028ء تک ایس ایم ای قرض لینے والوں کی موجودہ تعداد کو 3 لاکھ 24 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار کیا جائے گا، بینکاری قرضوں میں ایس ایم ای فنانسنگ کا حصہ موجودہ 9.9 فیصد سے بڑھا کر جون 2028ء تک 13 فیصد کیا جائے گا۔ بریفنگ کے مطابق بینکوں کی کارکردگی جانچنے اور اہداف کے حصول کی موثر نگرانی اور حوصلہ افزائی کے لیے سکورنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا ۔

 

مزید خبریں