
اسلام آباد ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے‘ دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے جوکہ پچھلے پانچ سال کے دوران تقریباً پانچ ارب ڈالر رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے لئے امریکہ کے تجارتی نمائندے سفیر مائیکل فرومین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ شراکت میں مزید اضافہ کرے گا اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے وسطی ایشیا تجارتی و سرمایہ کاری فریم ورک معاہدے (ٹیفا) میں پاکستان کو مبصر کا درجہ دینے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری پر بھرپور منافع حاصل کر رہی ہیں جوکہ پاکستان میں وسیع تر مواقع اور صلاحیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے لئے ترجیحی مارکیٹ رسائی بھی دی جاسکتی ہے جس سے امریکی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ہماری توانائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور 2018ءتک بجلی کی قلت پر قابو پانے کے قابل ہو جائیں گے۔