
اسلام آباد ۔ 19 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی مالیاتی ریٹنگ ادارے بھی کررہے ہیں، پاکستان کا شمار اب تیزی سے ترقی کرنی والی معیشتوں میں ہوتا ہے ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک کی ترقی کے لئے ہم آہنگی سے کام کررہی ہیں، سی پیک کے منصوبہ جات پر تیزی سے کام جاری ہے ،ترقی کا عمل سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کی خوشحالی ہر ایک کی ترجیح ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر ، گورنر کے پی کے، پنجاب سندھ ، کے پی کے ، بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ ، وفاقی و صوبائی وزراء، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بھی موجود تھے۔