اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے ملائیشیا میں قید 320 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان بیت المال کی طرف سے 40ملین روپے جاری کردیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوابازی ڈویژن غلام سرور خان نے ملائیشیا میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے فوری اقدامات پر ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپّی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی حکومت بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے فکر مند ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمند پار پاکستانی اور ترقی برائے انسانی وسائل سید ذالفقار علی بخاری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ اقدام وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے بیرون ملک اپنے بھائیوں سے ہمدردی کا ثبوت اور پوری دنیاکے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم سب ایک قوم ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہو¿ے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خواہش ہے کہ ملائیشیا میں مقید یہ پاکستانی عید الفطر اپنے خاندان کے ساتھ منائیں تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستانی چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، دکھ اور تکلیف کی گھڑی میں وہ تنہا نہیں بلکہ حکومت وقت کو ان کا احساس ہے۔ ایم۔ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپّی نے کہا کہ پاکستان بیت المال ملک کے دکھی افراد کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے متحرک ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔پریس کانفرنس کے آخر میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپّی نے ملائشیا سے 320 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پی آئی اے کی طرف سے سفری اخراجات کے پیش نظر 40ملین روپے کا چیک وزیر اعظم کے معان خصوصی برائے سمند پار پاکستانی اور ترقی برائے انسانی وسائل سید ذوالفقار علی بخاری اور وزیر ہوابازی ڈو یڑن غلام سرور کوپیش کیا۔