وزیر اعظم ڈی ایٹ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے قاہرہ پہنچ گئے

170
وزیر اعظم ڈی ایٹ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے قاہرہ پہنچ گئے

قاہرہ۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم ڈی ایٹ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے قاہرہ پہنچ گئے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف 18 سے 19دسمبر تک قاہرہ میں منعقد ہونے والے ترقی پذیر 8ممالک کے 11ویں سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرنے کے لئے مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچ گئے۔ عرب جمہوریہ مصر کے وزیر برائے پبلک بزنس سیکٹر محمد شیمیی اور قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ کے عملے نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ 11ویں ڈی ایٹ سمٹ کا موضوع "نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور سمال میڈیم انٹر پرائزز کو فروغ دینا : کل کی معیشت کی تشکیل ” ہے۔

سربراہی اجلاس میں وزیراعظم ایک مضبوط اور جامع معیشت کی تشکیل کے لئے نوجوانوں اور سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز (ایس ایم ایز )میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر گفتگو کریں گے۔ وزیراعظم مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور و خوض کے حوالے سے غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر ڈی ایٹ کے خصوصی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی شرکت کرنے والے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ شامل ہیں۔ 1997 میں استنبول میں قائم کیا گیا، ڈی ایٹ آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن، جسے ڈویلپنگ -8 بھی کہا جاتا ہے، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکی کے درمیان ترقیاتی تعاون کی ایک تنظیم ہے۔

اس تنظیم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانا ہے تاکہ اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور زراعت، تجارت، نقل و حمل، صنعت، توانائی اور سیاحت میں بہتری لانے اور تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے معیار زندگی کو بہتر کیا جائے۔