وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مالی طور پر با اختیار بنانے کے لئے قرضوں کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امورنوجوانان عثمان ڈارکی اے پی پی سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امورنوجوانان عثمان ڈار نے کہاہے کہ وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مالی طور پر با اختیار بنانے کے لئے قرضوں کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا۔کاروبار کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے قرضہ کی حد بڑھاکر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی ہے،نوجوان اسلامک بینکنگ سمیت تمام بینکوں سے قرض حاصل کر سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ سکیم کے پہلے مرحلہ میں دس لاکھ نوجوانوں نے قرضہ کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کروائیں۔ وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مالی طور پر با اختیار بنانے کے لئے قرضوں کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا۔انہوں نے کہاکہ قرضہ سکیم کے دورسرے مرحلہ میں تمام بینکوں بشمول اسلامک بینکنگ سے قرضہ کی فراہمی یقینی بنائی جائی گی۔انہوں نے کہاکہ قرضہ کی کم سے کم حد5لاکھ سے بڑھاکر10لاکھ اور زیادہ سے زیادہ حد بڑھاکر ڈھائی کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔قرضہ کے حصول کیلئے 3مختلف کیٹیگریز کے درخواست فارم جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ 10لاکھ روپے کا قرضہ ذاتی گارنٹی پر دیاجائے گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ اس قرضہ سکیم کے تحت قرضوں پر شرح سود کم کرنے کی تجویز ہے۔10لاکھ روپے سے کم قرضہ پر شرح سود3فیصد50لاکھ کے قرضہ پر شرح سود5فیصد اورڈھائی کروڑ روپے کے قرضہ پر شرح سود 7فیصد رکھنے کی تجویزہے۔عثمان ڈار نے کہاکہ اس پروگرام کا مقصد کورونا وباء کی موجودہ صورتحال میں نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضہ فراہم کرکے اپنے پائوں پر کھڑاکرناہے۔اس اقدام سے ملک میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔