وزیر اعظم کی تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کو سیالکوٹ کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ سیالکوٹ کی کاروباری برادری اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کی جس نے وزیر اعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی ،وزیر اعظم نے تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کو ہدایت جاری کی کہ وہ سیالکوٹ کی کاروباری برادری اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، تاکہ سیالکوٹ کی موجودہ 2.5 ارب ڈالر کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام وسائل کو بطریق احسن بروئےۓ کار لانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے وزارت خزانہ، وزارت صنعت و پیداوار، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کو ہدایت کی کہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کے لیے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے سیکٹر سپیسیفک کونسلز کے قیام، سیالکوٹ انڈسٹریل زون اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنایا جائے تاکہ غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک سے برآمدی شعبے کے لیے درکار خام مال کا زیادہ سے زیادہ حصہ ملکی سطح پر تیار کر کے قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکے۔

انہوں نے کراچی، لاہور اور سیالکوٹ جیسے صنعتی شہروں میں برآمدی شعبہ کی ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی ترغیب کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے وزارت ریلوے و ہوابازی کے حکام کو سیالکوٹ کے برآمدکنندگان کو خصوصی کارگو ٹرینز کی فراہمی اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لیے غیر ملکی کمرشل فلائٹس کی تعداد بڑھانے کے لیے باہمی مشاورت سے قابل عمل پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے اسلام آباد-تہران-استنبول ٹرین کی بحالی پر کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کو سیالکوٹ کی شاہراہوں، خصوصا سیالکوٹ-پسرور روڈ اور دیگر انفراسٹرکچر کے منصوبےبشمول فلائی اوور اور انڈر پاس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب کو جدید فنی مہارتوں اور ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کرنے کے لیے سیالکوٹ میں سائنس اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام اور سیالکوٹ میں سیف سٹی پراجیکٹ جلد شروع کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف،وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور اعلی سرکاری حکام موجود تھے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب اور گورنر سٹیٹ بینک نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔