وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی صفوں میں انتشار، ہلچل اور کنفیوژن ہے، یہ آپس کی سیاست کر رہے ہیں اور ہر کوئی دوسرے کو ٹھگنے میں مصروف ہے، تینوں دھڑوں کا اپنا ذاتی مفاد اور موقف ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کا ایک بیانیہ نہیں …

اسلام آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی صفوں میں انتشار، ہلچل اور کنفیوژن ہے، یہ آپس کی سیاست کر رہے ہیں اور ہر کوئی دوسرے کو ٹھگنے میں مصروف ہے، تینوں دھڑوں کا اپنا ذاتی مفاد اور موقف ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کا ایک بیانیہ نہیں ہے، ن لیگ کا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ کوئی ایسی صورتحال پیدا ہو کہ نواز شریف جیل سے باہر آ سکیں، مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ اقتدار کے مزے لئے ہیں، ایک سال اپوزیشن میں نہیں رہسکے لیکن وہ یہ بات جان لیں کہ اسطرح کے ہتھکنڈے استعمال کر کے وہ حکومت کو پریشان نہیں کر سکتے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت مفاہمت اور ڈائیلاگ کے راستے بند نہیں کرتی، اب دیکھنا یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا بیانیہ کیا ہے، وہ قومی مفاد اور عوام کیلئے نکلتے ہیں یا ذاتی مفاد کیلئے، اگر ان کا مقصد چوروں کی آزادی اور ذاتی مفاد ہے تو حالات و واقعات کو دیکھتے ہوئے قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ روکنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں آئینی اور قانونی داہرہ کار میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گی، صوبائی حکومتیں ملک میں امن و امان بحال رکھنے، لوگوں کے جان و مال کے تحفظ اور انتشار اور فساد روکنے کیلئے وفاقی حکومت سے جو بھی سپورٹ مانگے گی حکومت کرے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن مولانا فضل الرحمان کے کندھے پر بندوق رکھ کر چلا رہی ہے، انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا، فضل الرحمان نے ہمیشہ اقتدار کے مزے لئے ہیں، انہیں پہلی دفعہ اپوزیشن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایک سال وہ اپوزیشن نہیں کاٹ سکے لیکن فضل الرحمان اور اپوزیشن جان لیں کہ اسطرح کے ہتھکنڈوں سے حکومت کو پریشان نہیں کر سکتے۔