وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک سے ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

154
Mashaal Malik
Mashaal Malik

راولپنڈی۔16ستمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ ملک بھر کی جیلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ کرنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکلیل دے دی گئی ہیں، نوجوان صحافی ملک بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اپنی تحقیقاتی صحافت کے زریعے مصدقہ و مستند معلومات مہیا کریں،

خواتین کو ہرشعبہ میں بااختیار بنانے اور ہراسگی جیسے واقعات پر قابو پانے کے لئے مختلف اداروں کے اشتراک سے کام شروع کردیا گیا ہے جس کی کارکردگی نگران حکومت کے پہلے 100دن مکمل ہونے پر عوام کے سامنے لائے جائے گی،معاشرے کو بہتر بنانے کے لئے نوجوانون کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آواز پوری دنیا تک بہتر انداز میں پہنچانے کے لئے ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت مشعال حسین ملک نے گزشتہ روز ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کی۔ملاقات کے دوران ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف خان،سینئر نائب صدر عثمان مغل،سیکرٹری اطلاعات و نشریات رکیہ نعیم،سینئر جوائنٹ سیکرٹری انیلا بشیر،اراکین مجلس عاملہ سہیل مجید بٹ،حسنہ خٹک،چوہدری گلزار ناز،ملک وقاص،شازیہ کیانی کے علاوہ وزارت انسانی حقوق کے پی ایس او خالد مہناس و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اراکین ملک بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹنگ کے دوران مصدقہ و مستند معلومات حکومت تک پہنچائیں تاکہ بروقت کارروائی کی جاسکے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک بھر کے جیل خانہ جات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،تشدد اورخواتین کی ہراسگی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اپنے اپنے صوبوں میں واقع جیلوں کو دورہ کرکے قیدیوں و اسیران سے پوچھ گچھ کریں گے تاکہ جیل انتطامیہ اور عملہ کی جانب سے اگر کسی پر تشدد کیا جاتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کروائی کی جاسکے۔

ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک کو یقین دہانی کروائی کے وہ ملک بھر میں تمام شہروں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں معلومات وزارت انسانی حقوق تک پہنچائیں گے اور اس مقصد کے لئے سماجی رابطے کا گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں وزارت انسانی حقوق کے افسران اور ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اراکین کو شامل کیا جائے گا۔

نوجوانوں کی تنظیم نے وزارت کو تجویز دی کہ جیل خانہ جات کمیٹی میں ہماری نمائندگی شامل کی جائے جبکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بہترین رپورٹنگ کے لئے ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آگاہی سیمینار و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے جس پر وزیر مملکت مشعال حسین ملک نے ینگ جرنلسٹس ایسویسی ایشن کی تائید کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تربیتی ورکشاپ منعقد کروانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔