وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت احساس راشن رعایت پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

74

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت احساس راشن رعایت پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن (پی اے ایس ایس ڈی)میں منعقد ہوا۔

پی اے ایس ایس ڈی اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے ذریعے احساس راشن رعایت کےبڑے پیمانے پر آغازکی نگرانی کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی کو دوبارہ تشکیل دیا گیا ہے۔اجلاس کا آغاز احساس راشن رعایت کے ڈیزائن اورآغازپر پیشرفت پر بریفنگ سے ہوا۔ اسٹیئرنگ کمیٹی نے راشن پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کی مدد کے لئے وفاقی کابینہ کی رہنمائی کے مطابق مستحقین کی نشاندہی کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا۔

احساس 8171 ایس ایم ایس رجسٹریشن سروس خاندانوں کے لئے 26 جنوری 2022 کو رات 12 بجے احساس راشن کے لئے رجسٹریشن کے لئے بند کر دی گئی ہے۔مجموعی طور پر، 19 ملین درخواست دہندگان نے پروگرام کے لیے اندراج کیا ہے۔

احساس قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کا استعمال مستحق خاندانوں کی نشاندہی کے لئے کیا جا رہا ہے۔ سٹیئرنگ کمیٹی کی توثیق پر، اہلیت کا تعین کرنے کے لئے درخواست گزاروں کے ڈیٹا کا فی الحال احساس کے ڈیٹا اینالیٹکس کے ساتھ تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

ملک کے پہلے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کے لئے نشاندہی کی درستگی کے لئے پروگرام کے ڈیزائن میں ڈیٹا اینالیٹکس کا کردار اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ احساس راشن رعایت کا ملک گیراجراء این بی پی کے ساتھ شراکت داری سے ہو رہا ہے۔50,000روپے ماہانہ سے کم کمانے والے خاندان راشن پروگرام کے لئے اہل ہیں۔

زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو مستفید ہونے کی اجازت دیتے ہوئے، کمیٹی نے کابینہ کی جانب سے سابقہ منظور کیے گئے معیار کی توثیق کی جس میں31,500روپے ماہانہ سے کم تنخواہ والے سرکاری ملازمین،پاسپورٹ ہولڈرز جنہوں نے بیرون ملک سفر کیا تھا اور ایسے افراد جن کا اوسط ماہانہ فون بل 1,000روپے سے زیادہ ہے کو شامل کیا جائے۔

علاوہ ازیں، مستفید افراد جنہوں نے نادرا کے ایگزیکٹو سینٹر کی خدمات حاصل کی ہیں، کو بھی اسٹیئرنگ کمیٹی نے منظوری دی تھی کیونکہ یہ اصول بیرون ملک سفر کے معیار سے منسلک تھا، جس کی کابینہ پہلے ہی منظوری دے چکی تھی۔سٹیئرنگ کمیٹی کی سرپرستی کے تحت ڈویژن کے اندر ایک پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) بھی قائم کیا گیا ہے۔

پی ایم یو منصوبے کے مالیاتی انتظام، تشخیص، اور پالیسی پر نگرانی فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر ثانیہ کی زیر صدارت اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری پی اے ایس ایس ڈی ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ، چیف سیکرٹری پنجاب، چیف سیکرٹری کے پی، چیف سیکرٹری اے جے کے، سیکرٹری خزانہ بلوچستان، سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب، سیکرٹری سوشل ویلفیئر کے پی ،ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز، گروپ ہیڈ ڈیجیٹل بینکنگ این بی پی، ڈی جی سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب، ڈی جی ٹیکنالوجی احساس اور ڈی جی احساس نیشنل سوشل اکنامک رجسٹری نے شرکت کی۔

دوسری جانب احساس راشن رعایت کے لئے کریانہ ریٹیلرز کی رجسٹریشن این بی پی، شریک صوبوں (پنجاب، KP، GB، AJK)اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پورے ملک میں جاری ہے۔

جانچ پڑتال کے بعد اہل قرار دیے گئے خاندان این بی پی کے کریانہ ریٹیل شاپس اور یوٹیلٹی اسٹورز کے نیٹ ورک سے آٹا، کوکنگ آئل/گھی اور دالیں خریدنے کے لئے ماہانہ 1000 روپے کی سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔