وزیر اعظم کی ہدایت پرحکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کررہی ہے ،وفاقی وزیر داخلہ

155

کوئٹہ۔8ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پوری سنجیدگی کے ساتھ لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں،آج وفاقی وزراءشازیہ مری، اعظم نذیر تارڑ اور آغا حسن کے ہمراہ اپنے ماوں بہنوں سے ملنےکوئٹہ آیا اورلاپتہ افراد کا دکھ سنا،اس وقت لاپتہ افراد کا مسئلہ پورے ملک کا ایشو بن چکا ہے ، اب گزشتہ پچاس دنوں سے دھرنا دینے والوں نے حکومت پر اعتماد کرکے دھرنا ختم کردیا ہے ۔

یہ بات انھوں نے جمعرات کووزیر اعلی ہاو س کوئٹہ میں و زیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،وفاقی وزراءشازیہ مری، اعظم نذیر تارڑ اور آغا حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے لواحقین اور سیاسی جماعتیں حکومتی کمیٹی کی مدد کریں، حکومت کی کوشش ہے کہ لاپتہ افراد کے لواحقین واپس دھرنے میں نہ آئے ، لاپتہ افراد کی بازیابی کا مسئلہ میڈیا میں اوپن نہیں کیا جاسکتا،،جسٹس(ر)جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم کمیشن نے وہ کام نہیں کیا جس کی توقعات تھیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس وقت پوری قوم سیلاب کا مقابلہ کررہی ہے لیکن عمران خان کی شرپسندی سے کوئی محفوظ نہیں، تحریک طالبان سمیت ہر ایک کے ساتھ آئین کے مطابق مذاکرات ہونگے ۔وفاقی وزیر سماجی تحفظ وتخفیف غربت شازیہ مری نے کہا کہ ہر محب وطن چاہتا ہے کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ حل ہو ، ایوان کی کمیٹی کو جو مقصد سونپا گیا وہ حاصل کرلیں گے ، حکومتی کمیٹی پورے ملک کی نمائندگی کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ ، پنجاب اور بلوچستان سمیت تباہ کن سیلاب کی زد میں ہے ، میں سانگھڑ سے یہاں آیا ہوں ، حکومت کو ان بہنوں اور مائوں کا احساس ہے جو دھرنا دئے بیٹھے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ ہر محب وطن چاہتا ہے کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ حل ہو ہم نے اب ما ئوں و بہنوں کو اسلام آباد لیکر جانا ہے ۔

وفاقی وزیر قانون اعظ نذیر تارڑ نے کہا کہ لاپتہ افراد کمیٹی کا آج ساتواں اجلاس ہے ، اس عزم کے ساتھ واپس جارہے ہیں کہ دوماہ میں عملی اقدام نِظر آئے گا۔وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے ،بلوچستان میں سیاسی ڈائیلاگ کا عمل آگے بڑھایا جائے ،آج لاپتہ افراد کے بیٹوں نے فراغ دلی کا مظاہرہ کیا ہے،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کافی عرصے سے لاپتہ افراد کا مطالبہ تھا کہ وفاق کے نمائندے ان کی بات سنیں ، ٓاج صوبہ اور وفاق ایک پیج پر ہیں ، حکومت نے لاپتہ افراد کے لواحقین کے مطالبہ پر کمیشن قائم کیا لیکن کوئی کمیشن کے روبر نہیں آیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ادروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا نہ ہو ،بلوچستان سمیت ملک سیلاب کی وجہ سے امتحان میں ہے، متاثرین کی بحالی حکومت کا فوکس ہےکوئٹہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرینگے ۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تعاون پر وفاق کے مشکور ہیں، بولان میں جس طرح راستے بحال کئے گئے قابل تحسین اقدام ہے، راستوں کی بحالی کے ناممکن کام کو شہبازشریف نے ممکن کر دکھایا ۔