وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار سے ملائشیا کے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم کی ملاقات

79

اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) ملائشیاءنوجوانوں کو بااختیار بنانے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریگا۔ یہ بات پاکستان میں ملائشیا کے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار سے ملاقات کے دوران کہی۔بات چیت کے دوران تکنیکی اور فنی تربیت کو فروغ دینے کے ذریعے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کی غرض سے باہمی تعاون سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے۔ ملائشین ہائی کمشنر نے معاون خصوصی کو ملائیشاءمیں نوجوانوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اپنی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت پاکستان کے وژن کو سراہا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک پاکستانی نوجوانوں کوسماجی و اقتصادی لحاظ سے بااختیار بنانے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے کے حوالے سے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ملائیشیاءکی جامعات میں پاکستانی طلباءکیلئے سکالرشپس کی پیشکش سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ معاون خصوصی نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت پاکستان کیساتھ کام کرنے میں دلچسپی لینے پر ملائشین حکومت کا شکریہ ادا کیا۔