وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے موجودہ صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے تیزی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے، چین میں پاکستانی طلبہ کو وائرس سے بچانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اتوار کو …

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے موجودہ صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے تیزی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے، چین میں پاکستانی طلبہ کو وائرس سے بچانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس تیزی سے دوسرے ممالک میں پھیلتا جا رہا ہے، اس صورتحال کے پیش نظر حکومت ملک کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ووہان میں پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک کے بھی بہت لوگ مقیم ہیں، ہم چین کے قوانین کو فالو کر رہے ہیں اور حکومت نے جو فیصلے کئے ہیں وہ عوام کے مفاد میں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسلسل چینی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے، چین میں مقیم پاکستانی طلبہ کی صحت سمیت ہر طرح کی دیکھ بحال کی جا رہی ہے، بعض جگہوں سے شکایات موصول ہوئی تھیں تاہم چینی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ طلبہ کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی ووہان میں مقیم طلبہ کے بارے اتنی ہی فکر مند ہے جتنے ان کے والدین ہیں، طلبہ کو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، طلبہ کو بھی چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں۔