اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ہفتہ کو وفاقی دارالحکومت کے خوبصورت مارگلہ ہلز نیشنل پارک ٹریل 6 پر پہلے کامن ایشین چیتے کے محفوظ زون کا افتتاح کیا۔
ٹریل 6 وزیٹرز انفارمیشن سینٹر میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تغیر نے کہا کہ اس محفوظ مسکن کے قیام سے خطرے سے دوچار جنگلی بلیوں کے خاندان سے تعلق رکھنے والے عام ایشیائی لیوپرڈز کے تحفظ میں مدد ملے گی اور انسانی آبادی کے قریب واقع دنیا کے منفرد ماحولیاتی نظام میں جنگلی حیات کی موجودگی سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
ملک امین اسلم نے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) کو عام ایشیائی چیتوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات اور کامیابی کے ساتھ اس قدرتی مسکن کے قیام پر مبارکباد دی۔ انہوں نے آئی ڈبلیو ایم بی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرپرسن اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ رینا سعید خان، زیڈ بی مرزا اور بورڈ کے دیگر اراکین نے اسے حقیقیت کا روپ دینے کے لیے بہت محنت سے کام کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ-19 کے دور میں جب انسان فطری ماحول سے محدود ہو کر رہ گیا تھا ایسے وقت میں اس قدرتی مسکن کا فطرت کے ساتھ توازن پیدا کرنا اور فطرت کے مطابق ڈھالنا ناگزیر تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسے صرف (چیتے کامسکن) نہیں بنایا بلکہ جمالیاتی حسن کے تحفظ اور سازگار ماحول کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ بین الاقوامی یونین فار کنزرویشن آف نیچر (آئی یو سی این) کی مختلف جنگلی حیات کی انواع کی فہرست میں اس بات کی نشندہی کی گئی تھی کہ ایشیائی چیتے کی اس قسم کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں 300 پرندے، 350 پودے اور سانپوں کی 20 اقسام پائی جاتی ہیں جو اسے حیاتیاتی تنوع سے بھرپور ماحولیاتی نظام بناتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قوم کے لیے قدرت کا تحفہ ہے اور وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق حکومت اسے تحفظ فراہم کرے گی اور اسے ایک ماڈل نیشنل پارک بنائے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اب سے ٹریل 6 پر ٹور گائیڈ تعینات ہوں گے کیونکہ چیتے کی موجودگی میں سیاحوں کی رہنمائی کی جا سکے۔ اگرچہ یہ جانور رات کو نکلتا ہے اور دن کے وقت نظر نہیں آتا لیکن جنگلی حیات کی سیاحت کے اس اقدام کے ذریعے، نوجوان اور بچے چیتے کی نقل و حرکت اور اس کے مسکن کے بارے میں مزید جان سکیں گے۔
ٹریل 6 کے دفتر میں چیتے کے قدموں کے نشانات دیکھنے کا اپنا ذاتی تجربہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے خود ٹریل 6 کے دفتر میں ہائیک کے دوران تیندوے کے نشانات دیکھے جن کی بعد میں نے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے عملے سے اس کی تصدیق کی۔ ا
فتتاحی تقریب کے موقع پر بورڈ کی طرف سے تیار کردہ چیتے کے مسکن کے سفر پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس کا مقصد مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے بارے میں آگاہی اور عوامی معلومات پیدا کرناہے۔ چھ منٹ پر مشتمل یہ دستاویزی فلم مارگلہ ہلز لیوپرڈ کنگڈم کے عنوان سے چیتے پر تیار کی گئی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی ڈبلیو ایم بی کی چیئرپرسن رینا سعید خان نے کہا کہ 2015 سے آئی ڈبلیو ایم بی اس محفوظ مسکن کے قیام کے لئے کو شاں ہے تاکہ نیشنل پارک کو شکاریوں سے محفوظ بنا کر جنگلی حیات کے اس قدرتی مسکن کو بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "چیتا مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا مستقل رہائشی بن گیا ہے جو پہلے سردیوں میں بالائی چوٹیوں سے اترتا تھا اور گرمیوں میں مارگلہ چھوڑ دیتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک مناسب سائنسی کیمرہ ٹریپ کے ذریعے پورا مطالعہ کیا اور نیشنل پارک کے پورے 17,000 ہیکٹر میں 20 خفیہ کیمرے لگائے ہیں اور کم از کم سات چیتے دکھائی دیئے ہیں اور اس کی تعداد زیادہ بھی ہو سکتی ہے کیونکہ ان سب کو کیمروں کی آنکھ سے دیکھا نہیں جا سکا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریل 6 کے کالنجر علاقے میں دو میل اور ایک فی میل چیتے کو دیکھا گیا تھا اور ٹریل سکس کوویڈ کے دنوں میں بند رہا ہے جس سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ اب اس کی افزائش میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنو لیوپرڈ فاونڈیشن نے نیشنل پارک میں چیتے کے مطالعہ کے لیے ٹریل سکس پر ریڈیو ٹیگ کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ دن میں ایک بار زیادہ سے زیادہ 25 افراد کے ساتھ ایک محدود دورہ شروع کرے گا تاکہ چیتے پریشان نہ ہوں جس کے لئے قواعد و ضوابط پر غور کیا جا رہا ہے۔
نیشنل پارک کے سائنسی بنیادوں پر نگرانی کے لئے بھی کام جاری ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور شرکا ٹریل۔6 کی سیر بھی اور مسکن اور چیتے کے قدموں کے نشانات کا بھی مشاہدہ کیا۔