وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور فریز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان کے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

162

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور فریز لینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان نے ایک لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے ہیں ۔ اس تعاون کا مقصد سندھ اور پنجاب صوبوں میں ڈیری فارمرز کی مالی شمولیت اور صلاحیت میں اضافہ پر توجہ مرکوز کرکے معاشی ترقی کو تقویت دینا ہے۔منگل کواس سلسلہ میں مقامی ہوٹل میں دستخطی تقریب منعقد ہوئی ۔یہ تعاون پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں نوجوانوں کو روزگار اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے نمایاں عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت اس تعاون سے اہل کسانوں کے لئے مؤثر مواقع پیدا ہوں گے اوردونوں اداروں کے فلیگ شپ پروگراموں سے مستفید ہوں گے ۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہودخان نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی کو باہمی تعاون کے ذریعے حاصل کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ویلیو چین فنانسنگ سے ڈیری اور مویشی بانی کرنے والے کسان غیر ملکی گا ئیوں کی خریداری، میکانائزیشن، سولر سلوشنز، اور فارم کے بنیادی ڈھانچے کے لئے قرضے حاصل کر سکیں گے۔

ایف سی ای پی ایل کسانوں کو جامع تربیت فراہم کرے گا، پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ان کی مہارتوں اور علم میں اضافہ کرے گا۔ اس پروگرام میں سندھ اور پنجاب میں ڈیری فارمرز، لائیوسٹاک فارمرز، اور دودھ فراہم کرنے والوں کو شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد انہیں مالی مدد اور صلاحیت کی تعمیر کے ذریعے وسیع تر اقتصادی فریم ورک میں ضم کرنا ہے۔

پرائم منسٹرز یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم تعاون کا ایک کلیدی حصہ ہوگی، جو ایف سی ای پی ایل کے ساتھ رجسٹرڈ ڈیری فارمرز کو مالی مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام کاروباری اور تربیت کو فروغ دے کر نوجوانوں کومعاشی بااختیار بنانے اور سماجی مشغولیت کو فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے۔یہ شراکت داری پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مؤثر اقدامات کے ذریعے ملک کے ڈیری سیکٹر کی صلاحیتوں کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔