وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت 12لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار دلوانا ہدف ہے ،رانا مشہود احمد

107

لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت 12لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار دلوانا ہدف ہے ،موجودہ حکومت نوجوانوں کو منفی رویوں سے نکال کر مثبت رویوں کی طرف لا نے کیلئے پر عزم ہے، ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے ، کوتھم کالج طلبہ کو بہترین ٹیکنیکل ایجوکیشن فراہم کر نے میں آگے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ٹیکنیکل سکلز کی تعلیم دینے والے کوتھم کالج کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ کوتھم کالج22سال سے طلبہ کو مختلف شعبوں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن فراہم کر رہا ہے، کوتھم کا ادارہ پوری دنیا میں بہترین کام کر رہا ہے

دنیا بھر میں کوتھم سے فارغ التحصیل بچے کام کرتے نظر آ رہے ہیں ، سکلز لیبر کے حوالے سے کئی قسم کی شکایات دیکھنے کو ملی ہیں ،2010میں سکلز فنڈ قائم کیا گیا تھا لیکن اس کو صحیح استعمال میں لانے کیلئے کچھ مسائل درپیش آئے اگر اس وقت ان مسائل پر پابو پالیا جاتا تو آج اس کے مزید مثبت نتائج نکلتے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں 60فیصد سے زائد بچوں کا رجحان اعلی تعلیم حاصل کرنے کی بجائے سکلز سیکھنے کی طرف ہے ، حکومت نے چائنہ کے ساتھ مل کر پنجاب تیانجن یونیورسٹی بنائی اوروزیر اعلی پنجاب مریم نواز اس کی نگرانی کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اور سکلز ڈویلپمنٹ کے اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ کو روزگار دلوانے کیلئے مختلف ممالک کے اداروں کے ساتھ معاہدے کر رہے ہیں

وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت رواںسال 12لاکھ سے زائد افراد کو بیرون ملک ملازمت دلوانے کا ٹارگٹ ہے،پاکستان کے اندر اور باہر طلبا کے خوابوں کی تعبیر کا پلیٹ فارم فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ رانا مشہود نے کہا کہ3.8ملین بچوں کو مختلف شعبوں میں ٹیکنیکل سکلز سکھائیں گے، ٹورازم سیکٹر پر بھی کام کر رہے ہیں ،امریکہ اور چین پاکستان میں ہوٹل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے ،معیشت کے تمام اعشارئیے مثبت رجحانات کی طرف گامزن ہیں،مہنگائی اور شرح سودمیں کمی آ رہی ہے جس سے عام آ دمی کی زندگی خوشحال ہو رہی ہے ،وہ ممالک جنہوں نے پچھلے سات سالوں میں دیکھا نہیں کہ پاکستان ٹیک آف کر چکا ہے اورمعاشی استحکام کو دنیا مان چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چند سازشی عناصر افراد نے آئی ایم ایف کو خط لکھے کہ پاکستان کے ساتھ معاہدہ نہ کیا جائے لیکن ان کی تمام سازشیں ناکام ہو گئیں اور پاکستان ڈیفالٹ ہونے کی دلدل سے باہر نکل آ یا ،آج آئی ایم ایف سے ڈیل کے بعد بیرونی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی طرف دوبارہ اپنا رخ موڑ لیا ہے اور اس وقت پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ رانا مشہود نے کہا کہ کوتھم کا دارہ پوری دنیا میں بہترین کام کر رہا ہے، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت کوتھم کے ساتھ معاہدے کریں گے، کوتھم کے ذریعے15ہزار بچوں کو ٹریننگ دی جاتی ہے ،جب میں وزیر تعلیم تھا توجرمنی اور جاپان کی طرز کے ٹیکنیکل تعلیم کے ماڈلز یہاں متعارف کرائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمدشہباز شریف جب وزیر اعلی پنجاب تھے انہوں نے صوبے میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ایسی سکیمیں متعارف کروائیں کہ نوجوان با عزت طریقے سے روز گار حاصل کرسکتے تھے، اسی مثبت سوچ کو لے کر آج وزیر اعلی مریم نواز پنجاب میں نوجوانوں کیلئے بہترین کام کر رہی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں رانا مشہود نے کہا کہ امریکی ریاست شکاگو کی نامورکمپنی کے ساتھ ہوٹل مینجمنٹ کے شعبہ میں طلبہ کو تعلیم دینے کے حوالے سے معاہدے کر رہے ہیں۔