کوئٹہ۔ 28 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول سنڈیمن ہسپتال کا دورہ کیا ،مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور فراہم کردہ طبی سہولیات کا جائزہ لیا، انہوں نے ہسپتال میں ایم آئی آر، کیتھ لیب اور ڈیجیٹل فارمیسی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، صوبائی مشیر ماحولیات نسیم الرحمٰن ملاخیل، رکن اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل، اصغر علی ترین،سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ہادی کاکڑ، ڈاکٹر آفتاب کاکڑ، ڈاکٹر احمد ولی و دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حکومت بلوچستان کی جانب سے سول ہسپتال میں خدمات سرانجام دینے والے ماہر طب ڈاکٹر واسع کے لیے اعلیٰ سول ایوارڈ کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر واسع انگلینڈ میں 32 لاکھ کی تنخواہ چھوڑ کر خدمتِ خلق کے جذ بہ سے ڈیڑھ لاکھ تنخواہ پر بلوچستان آئے،
ڈاکٹر واسع نے لاکھوں روپے کی قربانی دے کر عوامی خدمت کو ترجیح دی، ڈاکٹر واسع جیسی عظیم ہستیاں ہمارے معاشرے کا سرمایہ افتخار ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سول ہسپتال بلوچستان کا سب سے بڑا ہسپتال ہے، صوبائی سنڈیمن ہسپتال کی تعمیر نو کے لیے ایک ارب روپے بجٹ میں مختص کیے ہیں، سول ہسپتال کے لیے جدید مشینری منگوائی گئی ہے، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہسپتال میں جدید ایم آئی آر 1.5 TASLA کی سہولت موجودہے جوچوبیس گھنٹے فعال رہے گی، سول ہسپتال میں کیتھ لیب بھی فعال کردی گئی ہے، فارمیسی کو ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محکمہ صحت میں بہتری ، فعالیت اور اصلاحات کے لئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری صحت اور تمام ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہیں، اصلاحات کے عمل میں مثبت تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔