پشاور۔ 16 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نےکرک اور بنوں میں انسداد پولیو ٹیموں پر نامعلوم افراد کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے واقعات کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلی ہاوس پشاور حکام کی جانب سے جاری شدہ بیان کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا نےحملوں میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے کارروائی عمل میں لاکر انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعلی نے حملوں میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ شہید کے لواحقین کی بھر پور مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی ۔
انہوں نے حملوں میں زخمی دو پولیو اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو ٹیموں پر حملے کرنے والے ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہیں، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے انسداد پولیو ٹیموں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن انسداد پولیو ورکرز ہمارے ہیرو اور محسن ہیں ، صوبائی حکومت صوبے کو پولیو وائرس سے پاک کرنے کے لئے پر عزم ہے۔