وزیر اعلیٰ سندھ کی عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری ،عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو

5
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا

کراچی۔ 19 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عبداللہ شاہ غازی کو روحانیت کا روشن استعارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوفی بزرگوں کی تعلیمات انسانیت، بھائی چارے اور دوسروں کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔جمعرات کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات وزیر اعلیٰ سندھ نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری اور تین روزہ عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ صوفی روایت کا پیغامِ محبت اور برداشت آج بھی ہمارے معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر زکو ة و اوقاف ریاض شاہ شیرازی بھی موجود تھے جبکہ سیکریٹری زکو ةمرید راہموں اور دیگر اعلی افسران نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ نے دعا مانگی، مزار پر چادر چڑھائی اور مستحقین میں کپڑے تقسیم کیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے عرس میں شرکت کرنے والے زائرین کی سہولت و آرام کے لیے مکمل انتظامات یقینی بنائے ہیں۔ اس موقع پر وزیر زکوة و اوقاف ریاض حسین شاہ شیرازی نے وزیر اعلی سندھ کو تقریب کے انتظامات اور فراہم کردہ سہولیات پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا لیکن چند دنوں میں ہی بھارت کو اس کے نتائج کا اندازہ ہو گیا، جب پوری قوم اپنی مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہو تو ظالموں کو بالآخر اپنے انجام کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہر شخص اپنا کردار ادا کرتا ہے تو کامیابی یقینی ہوتی ہے، یہی جذبہ ہمیں اپنے ملک کے دفاع میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے بین الاقوامی میڈیا میں موثر انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا جس کے بعد حکومت نے انہیں سفارتی وفد کی قیادت کے لیے بھیجا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سفارت کاری کی وجہ سے دنیا کا پاکستان کے بارے میں نقطہ نظر تبدیل ہوا ہے جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل کراچی پہنچیں گے اور ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔