وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

209

لاہور۔17نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت جمعہ کے روز یہاں وزیر اعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری آپریشن کے بارے بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈائون تیز کر دیا گیا ہے۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک غیر قانونی طور پر مقیم15533 غیر ملکیوں کو پنجاب سے واپس بھجوا دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف موثر کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پناہ دینے والے افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل لائی جائے۔غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے سہولت کاروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث بعض شرپسندوں کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 9 مئی واقعات میں ملوث مفرور ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔وزیر اعلیٰ نے صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری،ایڈووکیٹ جنرل،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سیکرٹری پبلک پراسکیوشن،سیکرٹری قانون،سی سی پی او، کمشنر لاہور ڈویژن،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔