لاہور۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور سینئرسیاستدان الہٰی بخش سومرو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الہی بخش سومرو اچھے پارلیمنٹیرین ہونے کے ساتھ ساتھ شریف النفس انسان بھی تھے،ان کا شمار ان سیاستدانوں میں ہوتا ہے جنہیں پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح سے براہ راست سیکھنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم زیرک اور مدبر سیاستدان تھے،انہوں نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کےلئے اہم کردار ادا کیا اور ملکی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دی ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ الٰہی بخش سومرو نے بطور سپیکر قومی اسمبلی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں،ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔