راولپنڈی۔29جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل دھاماں سیداں کے دورہ پر کیا ۔
انہوں نے بی ایچ یو، گورنمنٹ گرلز، بوائز ہائیر سیکنڈری سکول اور یونین کونسل کے دفتر کا دورہ کر کے عوام کے لئے کئے گئے حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے بی ایچ یو میں موجود مریضوں کی عیادت کی اور ان سے مفت ادویات کی فراہمی اور علاج معالجہ کے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، ادویات کا ریکارڈ اور ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ بی ایچ یو میں علاج معالجے کے ساتھ ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، عوام کے لیے یونین کونسل سطح پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائی جائیں گی۔
یونین کونسل سطح کے معاملات میں عوام کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں گی، سکولوں میں معیاری تعلیم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔