وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر فیصل آباد میں پہلاصبح نوسکول گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری سکول کوتوالی روڈ میں قائم

216

فیصل آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر ضلع میں پہلاصبح نوسکول (ایرلی مارننگ سکول )گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری کوتوالی روڈ میں قائم کردیا گیا۔صبح نو سکول کے قیام کا مقصد مختلف دکانوں،ہوٹلز وفیکٹریز میں کام کرنے والے بچوں کو صبح 7 سے 10 بجے تک تعلیم دی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس/ہیڈکوارٹرز احمد سلیم چشتی نے صبح نو سکول کا افتتاح کیااورطالب علموں میں مفت کتابیں وسٹیشنری تقسیم کی۔ ڈو یژ نل ڈائریکٹر ڈاکٹر کشورناہید رانا،سی ای او ایجوکیشن کاشف ضیا،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر/فوکل پرسن برائے ارلی مارننگ سکول محمد امجد رانا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ سکول میں اب تک 37 بچوں کو داخل کرلیا گیا ہے جنہیں دیگر طالب علموں کی طرح تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکول داخل کرکے انہیں تعلیم یافتہ بنانا ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ بچے صبح کے وقت تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ روزگار بھی کماسکیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس/ہیڈ کوارٹرز نے صبح نو سکول کے قیام کو سراہا اور داخل بچوں سے گفتگو بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ پڑھا لکھا معاشرہ معاشرتی ترقی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ ارلی مارننگ سکول کی بدولت محنت مزدوری کرنے والے بچوں کو صبح تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں مزید صبح نو سکول قائم اور بچوں جو داخل کیا جائے گا۔اس موقع پر طالب علموں نے کہا کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں بعض مسائل آڑے تھے لیکن پہلی بار وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے محنت مزدوری کرنیوالے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کا سوچا اور آج ہم صبح کے وقت سکول میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔