گلگت۔28اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور کمانڈر ایف سی این اے کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گلگت بلتستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، آئی جی پولیس گلگت بلتستان، ہوم سیکرٹری، دیگر تمام ایل ای اے افسران اور فیلڈ فارمیشنز نے شرکت کی۔
اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔نفرت انگیز تقریر اور مذہبی عدم برداشت میں ملوث کوئی بھی شخص ہو اس کے خلاف قانون کی متعلقہ شق کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر اور اس جیسے مواد کا پرچار کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف بغیر کسی استثنیٰ کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔قانون کے سخت نفاذ کے ذریعے تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
کے کے ایچ ، جگلوٹ سکردو شاہراہِ اور بابوسر ٹاپ کے ذریعے تمام گاڑیوں کی نقل و حرکت کو پورے راستے میں قراقرم ٹاسک فورس اور پولیس کی تعیناتی کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا۔کسی کو بھی روڈ بلاک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔جی بی سکاؤٹس، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جی بی کے تمام بڑے شہروں میں تعینات کی جائے گی تاکہ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ساتھ ہی دونوں فرقوں کے مذہبی اسکالرز کے ساتھ روابط کے عمل کی سربراہی وزیر اعلیٰ جی بی خود کریں گے۔
وہ امن و امان سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ پہلے اسکردو جائیں گے اور تمام فرقوں کے علماء سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد چلاس اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے تاکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جا سکے۔مزید برآں وزیر اعلیٰ جی بی نے وزیر داخلہ کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ مختلف فرقوں کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کرے اور ان سے کہے کہ وہ تمام فرقوں کے متفقہ ضابطہ اخلاق کی شقوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے سوفٹ امیج کو بڑھانے اور طلباء کو جدید رجحانات سے تعلیم اور کیریئر کی راہوں سے روشناس کرنے کے لیے ستمبر 2023 کے آخری ہفتے کے دوران سکردو میں چار روزہ ایجوکیشن/کیرئیر ایکسپو کا انعقاد کیا جائے گا۔
بہت سے نامور ماہرین تعلیم، سائنسدان، کاروباری شخصیات، ذہین افراد اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی دیگر مشہور شخصیات کو جی بی کے طلباء اور لوگوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ یہ ایونٹ نہ صرف طلباء کے علم میں اضافہ کرے گا بلکہ جی بی کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلباء کے درمیان علاقائی اور مذہبی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔
مزید برآں، تمام اضلاع میں عوام سے عوام کے درمیان رابطے کو یقینی بنایا جائے گا اور وقتاً فوقتاً سول سوسائٹی کے وفود کے تبادلے اور ملاقاتیں کی جائیں گی۔اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ گلگت بلتستان کا امن اولین ترجیح ہے اور کسی کو اسے سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت کی رٹ کو ہر طرح سے یقینی بنایا جائے گا اور تمام شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383678