وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کھرمنگ کے علاقے اولڈنگ اور باجویت میں تصادم کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ضلع کھرمنگ کے علاقوں اولڈنگ اور باجویت کے درمیان متنازعہ چراگاہ پر پیش آنے والے حالیہ ناخوشگوار اور پرتشدد واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تصادم کے نتیجے میں تین قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔​

گلگت۔ 17 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ضلع کھرمنگ کے علاقوں اولڈنگ اور باجویت کے درمیان متنازعہ چراگاہ پر پیش آنے والے حالیہ ناخوشگوار اور پرتشدد واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تصادم کے نتیجے میں تین قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔​

گزشتہ روز (16 جولائی) اولڈنگ اور باجویت گاؤں کے درمیان دیرینہ سرحدی و چراگاہ تنازعے پر ہونے والے تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس دیرینہ مسئلے کو وقت پر حل کرنے اور اسے خونی تصادم کی شکل اختیار کرنے سے روکنے میں متعلقہ انتظامیہ کی ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔​وزیر اعلیٰ نے ​فوری اور غیر جانبدارانہ کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لانے کے واضح احکامات دیئے ہیں۔اس ناخوشگوار واقع کی شفاف تفتیش، اور تمام ذمہ داروں کی شناخت و گرفتاری کو یقینی بنانے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ جوابی یا انتقامی تشدد کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر حفاظتی اقدامات کے احکامات دیئے ہیں ۔​وزیر اعلی نے زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور علاقے میں معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے مقامی کمیونٹیز اور عمائدین کو فوری طور پر اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے۔​ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ واقعے کی وجوہات، ذمہ داروں کے خلاف اب تک کی جانے والی کارروائی اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر مبنی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد وزیر اعلیٰ دفتر کو ارسال کی جائے۔اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص سے رعایت نہیں برتی جائے خطے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔