گلگت۔26اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت ہیلتھ سٹیئرنگ کمیٹی کا 19ویں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلی نے پی ایچ کیو ہسپتال گلگت اور 250 بیڈ پرمشتمل ہسپتال سکردو کے ریوائز پی سی ون میں تاخیر پر متعلقہ کنسلٹنٹ کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اہم منصوبوں میں رفتار اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایاجائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری صحت کو ڈاکٹروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی کو آئندہ 10 دنوں میں حتمی شکل دینے اور یاسین، پھنڈر، گوپس، اشکومن میں ڈاکٹرز کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت اصلاحات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو بھی ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کی ہیلتھ انشورنس پالیسی کو آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ صحت کے انفراسٹرکچرز کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے ہز ہائنس پرنس رحیم آغا خان نے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی ہے۔
چلاس کے ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی کی وجہ سے مریضوں کومشکلات کا سامنا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے خالی آسامیوں کو جلد مشتہر کرکے مروجہ طریقہ کار کے مطابق تعیناتی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے محدود وسائل کے باوجود غریب اور مستحق مریضوں کا ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ سے علاج کو جاری رکھیں گے جس کیلئے وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ سے مستحق مریضوں کی علاج کیلئے درکار فنڈز کے حوالے سے سمری کابینہ اجلاس میں پیش کریں جس پر حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کے تحت جن مریضوں کا علاج چل رہاہے ان کو جاری رکھنے کے احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے کینسر کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ کینسر کے بڑھنے کی وجوہات کی تشخیص کیلئے تفصیلی سروے اور سٹڈی کرایا جائے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کینسر کی روک تھام کیلئے درکار ضروری قانون سازی کی جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر دیامر میں تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے بھی خصوصی مہم کرنے کے احکامات دیئے۔