وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کی ملاقات

99

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کے درمیان وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدہ پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران صوبے میں پاکستان بیت المال کے جاری عوامی فلاحی منصوبوں کی اہمیت کو اجا گر کرتے ہوئے ان کے دائرہ کار میں وسعت کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ محروم اور نادار طبقات کی بحالی عمل میں لائی جاسکے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے صوبے میں قائم پناہ گاہوں میں مہیا سہولیات کو مزید بہتر اور یہاں پر رہائش پذیر افراد عزت کے ساتھ صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ ا س کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ”کوئی بھوکا نہ سوئے“ پروگرام کو مزید سات علاقوں میں آغاز کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے باہمی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم غربت اور اس سے جڑے ہوئے دوسرے مسائل کو مشترکہ جدوجہد کی مدد سے ختم کردیں گے۔ ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے کہا کہ ملک کے غریب اور نادار افرادکی امداد اور بحالی کے لیے وزیر اعظم پاکستان فکر مند رہتے ہیں اور اس حوالے سے موثر اقدامات کے لئے ہماری رہنمائی بھی فرماتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے پسماندہ طبقات کی مشکلات کا ازالہ کرنا اور ان کی زندگیون میں خوشگوار تبدیلی لانا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔