ڈیرہ اسماعیل خان ۔ 19 مارچ (اے پی پی) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباءاللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش اور امتحان ہے ،ہم سب نے مل کر اللہ کی مدد سے اس کا مقابلہ کرنا ہے ،ہم نے اپنے تمام تر وسائل صوبے کی سطح پر اس وباءکو پھیلنے سے روکنے کے لئے لگادیئے ہیں ،خیبر میڈیکل کالج میں 100 مریضوں کے ٹیسٹ کی سہولت کو بڑھا کر 600 مریضوں تک کیا جائے گا ،صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں تمام تر سہولیات پہنچانے کے لئے سروے کرلیاہے،کورونا وائرس کی وباءسے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد اس پر کام شروع ہوگا ،وہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں گومل میڈیکل کالج میں قائم کردہ قرنطینہ کے معائنہ کے بعد ڈپٹی کمشنر جرگہ ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ،انہوںنے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم قرنطینہ سنٹر تفتان سنٹر کی طرح نہیں ہوگا ،اس میں ایک متاثرہ مریض کے لئے ایک کمرہ مختص کیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس سنٹر میں تمام سہولیات پہنچائی جائیں ،انہوںنے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت سے تعاون کریں ، گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں ،شادی ،عوامی اجتماع وغیرہ میں جانے سے گریز کریں ،سکولوں کالجوں کی چھٹیوں کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہم اپنا رخ تفریحی مقامات کی طرف کرلیں ،انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اجتماعات ،اجلاس ختم کردیئے ہیں ،اور ہمارا لاک ڈاﺅن کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے ، صرف مخصوص جگہوں کو لاک ڈاﺅن کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ہنگو میں ایک شہری کی ہلاکت ہوئی اور ہم نے وہاں کے چالیس گھروں کو لاک ڈاﺅن کیا۔ انہوںنے کہا کہ فیس ماسک اور دیگر طبی اشیاءکی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں ،ہم کسی کو گرانفروشی ،ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے ،ایسے لوگوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ،انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے پورے صوبے کی ضلعی انتظامیہ کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ،اس موقع پرکمشنر جاوید خان مروت ،عمر امین خان گنڈہ پور اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔