سکھر۔ 17 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ کیا، تعلیمی عمارت کا افتتاح کیا اور پی آئی ٹی پی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اس ادارے کی تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے اسے ایک ماڈل ادارہ قرار دیا اور کہا کہ یہ اداره صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے نئے معیارات قائم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد سندھ کے نوجوانوں کو ضروری آئی ٹی مہارتوں سے بااختیار بنانا ہے۔ ترجمان آئی بی اے کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے ملک کی ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی ایک ایسا آلہ ہے جو خوشحالی لاتا ہے اور مجھے سندھ کے نوجوانوں کو اس شعبے میں کامیابی کے لیے درکار علم سے آراستہ دیکھ کر فخر محسوس ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ شاہ نے پی آئی ٹی پی پروگرام کو وسعت دینے کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سندھ حکومت آنے والے مہینوں میں دستیاب نشستوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ آئی ٹی سے تربیت یافتہ پیشہ ور افراد کی مانگ بڑھ رہی ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ہمارے نوجوان ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی جاتا ہوں تو مجھے فخر کا احساس ہوتا ہے،ہر دورہ میرے اس یقین کو تقویت دیتا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں تعلیم اور ہنر کی ترقی کے مقصد کو آگے بڑھانے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور مکیش چاولہ، سکھر کے میئر ارسلان اسلام شیخ، غوث بخش خان مہر، سید فرخ شاہ اور نور احمد سموں ، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری سمیت معززین بھی موجود تھے۔
سپیکر اویس قادر شاہ نے بھی اس بات کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا کہ سندھ کے لوگوں تک تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے مواقع کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے اور سندھ کے لوگوں کے لیے چیزوں کو قابل رسائی بنائیں گے۔
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مجھے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کی تعلیم میں ترقی اور سندھ کے نوجوانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اس کے کردار پر خاص طور پر فخر ہے۔ سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہا کہ اس کورس کو مکمل کرنے والے تقریباً 30فیصد طلباء پہلے ہی ماہانہ اچھی رقم کما رہے ہیں۔ اس موقع پر مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرز، حکام اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی میں نو تعمیر شدہ اکیڈمک بلڈنگ فائیو کا افتتاح کیا جو جدید ترین لیبارٹریز سے لیس ہے۔
سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں تکنیکی ترقی کی علامت روبوٹس نے عمارت میں ان کا استقبال کیا۔ پی آئی ٹی پی سرٹیفکیٹس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے سندھ میں تعلیم کی ترقی میں ان کی خدمات کے اعتراف میں معزز مہمانوں کو سووینئرز سے نوازا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یونیورسٹی کے بانی مرحوم نثار احمد صدیقی کی قبر پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔