راولپنڈی۔ 17 جنوری (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے سختی سے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے تمام تحصیلوں میں سالڈ ویسٹ کے کنٹرول روم، کنٹرول روم میں سالڈ ویسٹ افسران کی موجودگی، مطلوبہ مشینیری، ہیومن ریسورس اور دئیے گئے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لئے وے فاروڈ موجود ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیر سے تمام اضلاع اور مختلف تحصیلوں کا دورہ کر کے انتظامات کا خود جائزہ لیں گے۔
ستھرا پنجاب پروگرام کے لانچنگ کے بعد صفائی میں فرق بہتر اور واضح طور پر نظر آنا چاہئے۔ انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنر ستھرا پنجاب پروگرام کی پراپر مانیٹرنگ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر فرد مقررہ ایس و پیز پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اس پروگرام میں مقامی لوگوں اور عوامی نمائندگان کو ضرور شامل کیا جائے تاکہ انکی اوونرشپ میں صفائی ستھرائی کا یہ کام بخیرو خوبی انجام کو پہنچے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈی جی آر ڈی اے کنزی مرتضی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و دیگر سرکاری محکموں کے سربراہان کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اٹک، جہلم، چکوال اور مری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے چودہ خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان میں انٹرن شپ پروگرام، پنجاب دھی رانی پروگرام، ہمت کارڈ، سوشو اکانامک رجسٹری، ای بائیکس، مریم کی دستک، گرین ٹریکٹر، کسان پیکج، سڑکوں کی مرمت و بحالی، گرین پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر اور صحت کے لئے کیے گئے مختلف اقدامات شامل ہیں۔ اس سلسلے میں ضروری ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے ان خصوصی انیشیٹیوز پر خاص توجہ دی جائے۔ ہرپراجیکٹ کی ٹائم لائن کے ساتھ ٹاسکنگ کی جائے گی تاکہ مانیٹرنگ کے ذریعے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔