لاہور۔8مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے شیخو پورہ درگئی گل فارسٹ پارک میں پہلی خاتون وزیر اعلی کی حیثیت سے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ جمعہ کے روز وزیر اعلی مریم نواز شریف نے عالمی یوم خواتین پر برگد کاپودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی برگد کا پودا لگایا۔ شجرکا ری مہم موسم بہار2024 میں 2ہزار طالبات اور خواتین نے بھی پودے لگائے۔ شجرکاری مہم میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کے بیک وقت 12 ہزار پودے لگانے کا منفرد اعزاز ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وویمن ڈے پر صوبہ بھر میں 6لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
موسم بہار شجر کاری میں مجموعی طور پرایک کروڑ 40 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ دریاں اور درختوں کے کنارے بھی بڑے پیمانے پر شجر کاری ہو گی۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ شجرکاری مہم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگی۔درخت ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں کمی لاتے ہیں۔
درخت زمینی کٹا ئوکو روکنے اور زرخیزی بڑھانے میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔وزیر اعلی مریم نو از شریف نے خواتین، طالبات اور سکائوٹ بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، رکن صوبائی اسمبلی ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، سیکرٹریز،کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔