لاہور۔17جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے یوم عاشورہ پر سیکورٹی صورتحال کی مانیٹرنگ جاری رکھی اور صوبہ بھر میں ہر ایک گھنٹے بعد سکیورٹی کی صورتحال کی رپورٹ طلب کرتی رہیں ۔وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزرا اور کیبنٹ کمیٹی لا اینڈ آرڈر نے ضلعی ، ڈویژنل اور صوبائی کنٹرول روم کے دورے کئے۔ انہوں نے وزرا اور متعلقہ افسران کوتمام جلوس ختم ہونے تک فیلڈ میں مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ حفاظت پر مامور سکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ یوم عاشور پر امن وامان کا قیام ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ،مجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی ناگزیر ہے-مریم نواز شریف نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان کو ساتھ رکھا جائے،قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور سکیورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔