وزیر اعلی کا ”پنجاب دھی رانی پروگرام“ فلاحی جذبے کا ایک شاندار عملی نمونہ ہے،صوبائی وزیر خزانہ

97
وزیرِ اعلیٰ "دھی رانی پروگرام " کے تحت سرگودہا میں 70 اجتماعی شادیوں کا انعقاد 31 جنوری کو کیا جائے گا: ڈپٹی کمشنر

قصور۔22 جنوری (اے پی پی):قصور میں 39نوبیاہتا جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب گزشتہ روز نجی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن‘ اراکین صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری، صفیہ سعید، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب جاوید اختر محمود‘ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر اویس، اسسٹنٹ کمشنر قصور عطیہ عنایت مدنی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر صائمہ قریشی،نوبیاہتا جوڑوں کے والدین اور عزیز واقارب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پنجاب حکومت کی طرف سے نو بیاہتا جوڑوں کو 2 لاکھ روپے کا جہیز کا سامان جس میں بیڈ میٹرس،کھانے پکانے کا سامان، ڈنر سیٹ اور دیگر گھریلو سامان شامل ہے اور ایک لاکھ روپے کارڈ کی صورت میں بطور تحفہ سلامی دی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ نے شادی شدہ جوڑوں کے پاس جا کر انہیں سلامی کارڈ اور مبارکباد دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا ”پنجاب دھی رانی پروگرام“عوام دوست سوچ اور فلاحی جذبے کا ایک شاندار عملی نمونہ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ پہلے فیز میں پنجاب کی تین ہزار بچیوں کو ”دھی رانی پروگرام“کے تحت رخصت کیا جائیگااور اگلے سال اس سے زائد مستحق بچیوں کو اس پروگرام میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے نو بیاہتا جوڑوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نوبیاہتا جوڑوں کو ہمیشہ خوش رکھے آباد و شاد رکھے۔