لاہور۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیر اطلاعات ونشریات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکے پاس روٹی سستی کرنے کا کوئی میکنزم نہیں،جن کی خود کوئی کارکردگی نہیں لیکن وہ دوسروں سے سوال کر رہے ہیں۔ بدھ کے روزمشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہاکہ کے پی حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے اور یونیورسٹیاں چلانے تک کے بھی فنڈز دستیاب نہیں، صوبے کی عوام کیلئے ان کے پاس فنڈز نہیں مگر دھرنے، جلسوں اور احتجاج کیلئے تمام وسائل میسر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت کا ریلیف سے کوئی تعلق ہے نہ کسان سے اور نہ ہی سولر پینل بانٹنے سے، بھائی یہ کر کیسے لیتے ہیں آپ لوگ؟ ،کے پی حکومت کے پاس روٹی سستی کرنے کا میکنزم تک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کسان وزیر اعلی مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن ہے ،وہ کسان پیکج پر عملدرآمد شروع کر چکی ہیں، ڈیڑھ لاکھ کسان کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ لاکھوں کسانوں کا درخواستیں دینا مریم نوازپر اعتماد کا اظہارہے،ٹریکٹر سکیم کے تحت ہزاروں ٹریکٹرز کسانوں کو تقسیم کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز نے چند ماہ میں پنجاب کے لوگوں کو سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کیا ہے، مریم نواز کی حکومت نے پنجاب کے لوگوں کو بجلی کے بلوں میں بھی 55ارب روپے کا ریلیف دیا ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز جلد پنجاب میں سولر پینل کا بھی منصوبہ لا رہی ہیں، کے پی حکومت نے بھی سولر پینل دینے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ صرف اعلان ہی رہا۔