اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):بدھ کو وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کے پی نے دوسری بار بھاگ کر نہ صرف پٹھانوں کی توہین کی ہے بلکہ بزدلی کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے ،جانی و مالی نقصان کا بشریٰ بی بی اور علی امین سے حساب لیا جائے گا۔امیر مقام نے پی ٹی آئی کے احتجاج اور بھاگنے پر ردعمل میں کہا کہ علی امین اور بشریٰ نیازی کی دلیری حیران کن ہے کہ رات کی تاریکی میں کس طرح کارکنوں کو چھوڑ کر بھاگ کر اگلی صبح پھر سے پریس کانفرنس کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری دفعہ بھاگ کر پٹھانوں کی توہین کی اور بزدلی کی نئی تاریخ رقم کی، جانی و مالی نقصان کا بشریٰ بی بی اور علی امین سے حساب لیا جائے گا،یہ بتا دیں کس طرح کارکنان کو ایسے چھوڑ کر پیرنی سمیت بھاگ کر مانسہرہ جا پہنچے؟۔امیرمقام نے کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ یہ فائنل کا ل نہیں بلکہ "مس کال "ہے،ان لوگوں کا ایجنڈا خون بہانا تھا جو پورا نہیں ہونے دیا گیا،یہ کوئی پارٹی نہیں بلکہ ایک گروہ ہے جو ملک کو غیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔
امیرمقام نے کہا کہ علی امین گنڈا پور موقع سے فرار اور اب جھوٹے دعوے کر رہے ہیں، ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی،صوبائی حکومت کے وسائل کا بے دریغ استعمال صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔امیرمقام نے کہا کہ انہوں نے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر استعمال کرنے کے بجائے وفاق پر حملہ کیا،وفاق پر بار بار حملہ کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔