وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عامر محمود کیانی سے پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن کے صدر مسعود الرحمان کیانی کی قیادت میں وفد کی ملاقات

77

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینشن عامر محمود کیانی سے پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ)کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان کیانی کی قیادت میں پناہ کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران دل کی بیماریوں سے بچاﺅاور نیشنل ہیلتھ آگاہی پروگرام کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل پناہ ثناءاللہ گھمن کے مطابق ملاقات کے دوران پناہ کی ٹیم نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ پناہ پچھلے 34سالوں سے لوگوں میں دل کی بیماریوں سے بچاﺅ کے لیے آگاہی فراہم کر رہی ہے کہ لوگ کس طرح اس مہنگی تریں بیماری سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدرپناہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ صدر مملکت سے بھی ملاقات کی اور اسی تسلسل میں آج کی ملاقات ہے اور اس کے بعد مرحلہ وار صوبائی وزراءصحت ،گورنرز اور چیف سیکرٹریز سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔وزیر صحت عامر محمود کیانی نے پناہ کو وزارت صحت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔