وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس ،سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کا موثر میکانزم تیار کرنے پر غور
وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس ،سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کا موثر میکانزم تیار کرنے پر غور

مزید خبریں
لاہور۔4جولائی (اے پی پی):وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کی زیر صدارت ستھرا پنجاب اتھارٹی آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کا موثر میکانزم تیار کرنے پر غور کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی اورنگزیب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کے مستقل اور موثر انتظامات کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتالوں کے وارڈز، راہداریاں، لانز اور واش روم صاف رکھنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اضافی وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کو اس حوالے سے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ لکھوڈیر (لاہور)، فیصل آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں پائلٹ پراجیکٹ پر کام جاری ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان اور چکوال میں نان لینڈفل ویسٹ ڈسپوزل پروڈکشن کی جا رہی ہے۔
ستھرا پنجاب اتھارٹی کے تعاون کے ساتھ یونیورسٹی سکالرز کے سٹڈی کیس آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ ماہرین کی سفارشات کے مطابق ویسٹ کے استعمال پر کام آگے بڑھائیں گے۔ وزیر بلدیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمع ہونے والے ویسٹ کو بروئے کار لاتے ہوئے بائیوگیس، کھاد اور توانائی کے دیگر منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں آلائشوں سے بائیوگیس کی تیاری کا یونٹ تجرباتی طور پر پیداوار دے رہا ہے۔
اجلاس میں ستھرا پنجاب ایجنسیز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ضلعی سطح پر ایجنسیز کے قیام سے نچلی سطح پرنگرانی کے سسٹم کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسیز کے ضلعی مینجنگ ڈائریکٹرز کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔








