وزیر تعلیم پنجاب کی اساتذہ کے عالمی دن کے روز ہفتہ وار لیکچر کیلئے گورنمنٹ سکول لدھر پہنچ کر اساتذہ کو مبارکباد

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات اساتذہ کے عالمی دن کے روز ہفتہ وار لیکچر کیلئے گورنمنٹ سکول لدھر پہنچ کر اساتذہ کو مبارکباد دی۔ رانا سکندر حیات نے خود بھی ہر کلاس میں جا کر اساتذہ کو پھول پیش کئے۔

لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات اساتذہ کے عالمی دن کے روز ہفتہ وار لیکچر کیلئے گورنمنٹ سکول لدھر پہنچ کر اساتذہ کو مبارکباد دی۔ رانا سکندر حیات نے خود بھی ہر کلاس میں جا کر اساتذہ کو پھول پیش کئے۔

اس موقع پر انہوں نے سکول کی بچیوں کے ہمراہ ٹیچر ڈے کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا جبکہ بچیوں کو تکریم اساتذہ کے حوالے سے لیکچر دیا۔ دریں اثنا ، انہوں یوم اساتذہ کی مناسبت سے منعقدہ مرکزی تقریب میں ہیرو ایوارڈز تقسیم کئے اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں5 ہزار سے زائد اساتذہ کو ہیرو ایوارڈز دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی صلاحیتوں اور محنت کا اعتراف کرتا ہوں۔ وزیر تعلیم نے ٹیچر ڈے کے موقع پر اپنے والد کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ والد بطور استاد زندگی کا پہلا سبق سکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد بطور استاد آج بھی میرے لیے راہنمائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔آج یوم اساتذہ کے موقع پر والد کا بالخصوص شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے خدمت اور سماجی ذمہ داری کا شعور دیا ۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ میں نے اپنے والد سے خدمت، سیاست اور سماجی زندگی کے آداب سیکھے، آج اسی خدمت کی سیاست پر عمل پیرا ہوں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ نے مجھے علم اور شعور کی روشنی دی، والد نے اس روشنی میں زندگی کی سمت دکھائی اور شخصیت کی بنیاد رکھی۔