وزیر توانائی عمر ایوب خان کی فرانسیسی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

76

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پن بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں، دریائے سندھ کے قدرتی تیز بہاؤ کو بروئے کار لا کر ہم ہزاروں میگاواٹ بجلی بن سکتے ہیں۔ یہ بات وزیر توانائی عمر ایوب خان نے پاکستان میں متعین فرانس کے سفیر مارک بیریٹی سے ملاقات میں کہی۔ وفاقی وزیر نے فرانس کے سفیر کو ملک میں پاور سیکٹر کے مختلف پراجیکٹس سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئی متبادل توانائی پالیسی بن رہی، جو 75فیصد توانائی ملکی وسائل سے پیدا کرنے کے راہ کا تعین کرے گی۔ وزیر توانائی نے کہا کہ سستی اور ماحول دوست توانائی کی پیداوار بڑھانے کے لیے ملکی توانائی کے مکس میں متبادل توانائی کے موجودہ 4 فیصد حصے کو 30 فیصد تک لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لائف لائن صارفین اور عام آدمی کو مہنگائی کے بوجھ سے محفوظ رکھنے کیلئے 300 یونٹ تک کے بجلی صارفین کے لئے کوئی اضافہ نہیں گیا۔ فرانسیسی سفیر مارک بیریٹی نے کہا کہ فرانس کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں کام کر رہی ہیں جن میں اوچ ون اور اوچ ٹو میں کام کرنے والی این جی اور ٹوٹل سرفہرست ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں پاکستان کے توانائی کے شعبے کو خصوصی دلچسپی سے دیکھ رہی ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لیے کوشاں ہیں۔