وزیر خارجہ امور حنا ربانی کھر کی سٹاک ہوم میں یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سالانہ اجلاس میں شرکت

162
وزیر خارجہ امور حنا ربانی کھر کی سٹاک ہوم میں یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سالانہ اجلاس میں شرکت

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے سٹاک ہوم میں یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت نے عوامی پینل میں ”اگلا ورلڈ آرڈر کیسا ہوسکتا ہے“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے مزید جامع اور نمائندہ عالمی نظام کے لیے ترقی پذیر ممالک کے تصفیہ طلب تنازعات اور جائز خواہشات کو حل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کو جدید چیلنجز کا متحد ہوکر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے، وہ طاقت کے مقابلے کی وجہ سے منقسم گھر کی تصویر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پائیداد ترقی کے اہداف کا ادراک کرنے، آب و ہوا سے متعلق آنے والے بحرانوں کا سامنا کرنے اور اگلی ممکنہ وبائی امراض سے بچنے کے لیے ہاتھ ملانے کی اشد ضرورت ہے۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے سیاسی بالادستی کے مقابلے کے بجائے عالمی برادری کو درپیش مشترکہ مسائل کا حل تلاش کرنے کے مقابلے پر زور دیا۔ یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سالانہ اجلاس نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے اور یورپی فیصلہ سازوں، ماہرین تعلیم اور اثر و رسوخ کے متنوع گروپ کے ساتھ بات چیت کا موقع فراہم کیا۔