جنیوا۔9جنوری (اے پی پی):ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی کے بعد پاکستان کی تعمیر نو کے حوالے سے جینوا میں ہونے والی کانفرنس کا آغاز آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے شرکا کو خوش آمدید کہنے کے کلمات سے ہوگا جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ابتدائی مکالمے کے سیشن کی سربراہی کریں گے۔
پیرکو دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چار سیشنز پر مشتمل کانفرنس کے دوسرے اور تیسرے سیشن کی صدارت کریں گے، دوسرے سیشن کا آغاز تین بج کر 15 منٹ ہوگا جبکہ وقفے کے بعد دوسرے سیشن کا دوبارہ آغاز چھ بج کر 30 منٹ سے ہوگا، وقفے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پریس کانفرنس کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں تیسرا سیشن ساڑھے سات بجے سے ہوگا۔ الیکٹرانک میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا پر لائیو کوریج کے لئے اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر کانفرنس کے پہلے اور دوسرے حصے کے علاوہ کانفرنس کے دوران ہونے والے دیگر سیشنز کے تین الگ الگ لائیو اسٹریمنگ لنکس دستیاب ہیں۔